دبئی میں پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی، 2 سالہ رہائشی ویزا مزید آسان

دبئی نے پراپرٹی ویزا قوانین میں اہم نرمی کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کیلئے نئی سہولیات متعارف کروا دی ہیں، جس سے جائیداد خریدنے والوں کیلئے رہائشی ویزا حاصل کرنا آسان ہو گیا ہے۔
نئے قوانین کے تحت اب سنگل مالک کیلئے مخصوص قیمت کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد مشترکہ پراپرٹی خریدنے والے افراد بھی 2 سالہ رہائشی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق مشترکہ جائیداد میں ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم 4 لاکھ درہم ہونا ضروری ہوگا، جس سے چھوٹے سرمایہ کاروں کو بھی مارکیٹ میں داخل ہونے کا موقع ملے گا۔
مزید برآں، 2 سالہ انویسٹر ویزا کے حصول کا عمل پہلے سے زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے، جبکہ 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کیلئے 10 لاکھ درہم سرمایہ کاری اور کم از کم عمر 55 سال کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔
اسی طرح 10 سالہ گولڈن ویزا کیلئے 20 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری لازمی ہے، جس کے ساتھ فیملی اسپانسرشپ اور بیرون ملک قیام کی اجازت جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ نئی پالیسی دبئی میں سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید فروغ دے گی۔














